8 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:25
لوڈ شیڈنگ ،لوگوں کا ساحل سمندر کی طرف رخ
آج نیوز - طویل لوڈ شیڈنگ اور گرمی کے ستائے شہر قائد کے باسیوں نے چھٹی کے دن کو غنیمت جانا اور بڑے، چھوٹے، سب ہی سمندر کی موجوں کا لطف اٹھاتے رہے۔شہرقائد میں لوڈشیڈنگ سے ستائے شہریوں کی بڑی تعداد نے چھٹی کے دن ساحل سمندر کا رخ کیا۔ کہیں بچے مٹی کے گھروندے بناتے نظر آئے تو کہیں نوجوان پانی کی لہروں میں موج مستیاں کرتے رہے۔ بچے تو بچے بزرگ بھی ساحل سمندر پر چہل قدمی کرتے خوبصورت لمحات سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ سمندر کی موجوں نے کچھ دیر کے لیے ہی صحیح، ان شہریوں کے تمام غم بھلادئیے۔شہرکے ہنگاموں سے دور سمندر کنارے موجوں سے لطف اندوز ہوتے شہریوں نے ساحل سمندر کو بہترین تفریح قرار دیا۔ساحل سمندرعوام کی تفریح کی پسندیدہ جگہ ہے اور خصوصاً گرمیوں میں اس کی رونق میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ تاہم شہریوں کا شکوہ ہے کہ حکومت کی جانب سے ساحل سمندر پر تفریح کیلئے آنے والوں کے لیئے مناسب سہولیات مہیا نہیں کی گئیں۔