8 جولائی 2012
وقت اشاعت: 23:26
پاکستان اور امریکا کا باہمی تعلقات آگے بڑھانے پر اتفاق
آج نیوز - پاکستان اور امریکہ کی وزراے خارجہ نے باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے اور ہاہمی احترام کے جزبے کے تحت موجودہ مسائل کو حل کرنے پر اتفاق کیا ہے، وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اپنی امریکی ہم منصب ہیلری کلنٹن اور افغان ہم منصب زلمے رسول سے ٹوکیو میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ۔امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سے ہونی والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، افغانستان کی صورت حال اور نیٹو سپلائی لائن بحالی کے بعد کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ معظم خان نے ٹوکیو سے آج نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا وزیر خارجہ حنا ربانی اور امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت رہی، انہوں نے بتایا کہ کہ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے پاکستان کی طرف سے نیٹو سپلائی لائن کھولنے کا خیر مقدم کیا اور کہا ہے کہ اس سے دونوں اتحادیوں کے درمیان مشکل تعلقات کا دور ختم ہوگا اور وسیع البنیاد تعاون کی راہیں کھلیں گی۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے افغان ہم منصب ڈاکٹر زلمزے رسول سے بھی ملاقات کی۔ افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ نیٹو سپلائی کھلنے کے افغانستان پر براہ راست مثبت اثرات مرتب ہونگے۔