9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:20
لوڈشیڈنگ دہشتگردی سے زیادہ سنگین صورت اختیار کرچکی ہے، شہباز
آج نیوز - وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ دہشت گردی سے بھی زیادہ سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ وفاقی حکومت کی مجرمانہ غفلت سے قوم اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہے۔ مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں سرکاری افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ صوبے کے ساتھ ہونے والے ظلم پر چلچلاتی دھوپ میں کام کرکے وفاقی حکومت کے سوئے ہوئے ضمیر کو جھنجھوڑنا چاہتے ہیں۔ ایسا سلوک کسی دوسرے صوبے کے ساتھ کیا جاتا تو وہ اس کے خلاف بھی احتجاج کرتے۔ شہبازشریف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ نے جہاں قومی معیشت کو تباہ کیا ہے وہاں عام آدمی کی زندگی بھی اجیرن بنا دی ہے۔ پنجاب میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے خود اپنی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری دفاتر میں سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی جائے۔ اس سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب نے رائیونڈ کا دورہ کیا اور زیر تعمیر منصوبوں کا جائزہ لیا انہیں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔