9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:53
لوگوں کو لاپتہ کرنے میں ایف سی، ایجنسیاں ملوث ہیں، چیف جسٹس
آج نیوز - چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ لوگوں کو لاپتہ کرنے میں ایف سی اور ایجنسیاں ملوث ہیں۔ حکومت کی کارگردگی سے وہ مایوس ہوگئے ہیں۔ یہ ریمارکس انہوں نے سپریم کورٹ بلوچستان رجسٹری میں امن وامان اور لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران دیئے۔ انہوں نے مزید ریمارکس دیئے کہ ہرایک شخص ایف سی پرالزام لگا رہا ہے، چیف سیکریٹری بتائیں وہ کیا کر رہے ہیں۔ وہ مایوس ہوگئے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے اس موقع پر عدالت کو بتایا صوبے میں قیام امن کے لئے وزیراعظم اور آرمی چیف کے ساتھ دو اجلاس ہوئے۔ کوشش ہے کہ حالات جلد بہتر ہو جائیں گے۔ ایک سو پینتیس لاپتہ افراد میں سے چار کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ صرف چار افراد کی بازیابی کا مطلب ہے معاملہ سنجیدہ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا لاپتہ افراد کے گھروں میں کھانے کو کچھ نہیں، تمام لاپتہ افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کریں۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ بلوچستان سے ا ستفسار کیا کہ دشت کے علاقے سے ملنے والی چار مسخ شدہ لاشیں کس کی ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا یہ لاشیں ایف سی سے مقابلے میں مرنے والے افراد کی ہیں۔ ایف سی کے نمائندے نے عدالت میں بیان دیا کہ صوبائی حکومت کو فراری کیمپ اور ان کے کمانڈرز کا پتہ ہے۔ اکثر فراری کیمپ میں جانے والوں کے اہل خانہ کو پتہ نہیں ہوتا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ جو کہنا چاہتے ہیں وہ لکھ کر دیں زبانی باتیں نہ کریں۔ چیئرمین ایف بی آر نے پکڑی گئی غیر قاونی گاڑیوں کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا دو سو گاڑیاں پکڑنا کوئی بڑی کامیابی نہیں، شہر میں ہر تیسری گاڑی غیر قانونی چل رہی ہے۔ لکھ کر دیں پندرہ دن میں شہر میں ایک بھی غیرقانونی گاڑی نظر نہیں آئے گی۔ ڈی آئی جی حامد شکیل نے عدالت میں بیان دیا کہ آئی ٹی یونیورسٹی کی بس پر حملے میں کابلی گاڑی استعمال ہوئی۔