تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:9

گجرات: کیمپ پر حملہ، 6 سیکیورٹی اورایک پولیس اہلکار شہید

آج نیوز - گجرات میں دریائے چناب پرسیکیورٹی کیمپ پرنامعلوم افراد کے حملہ میں چھ سیکیورٹی اورایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا ، مشیر داخلہ رحمان ملک نے سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے ضلع کے بارڈرسیل کرنے کا حکم دے دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دریائے چناب کے قریب سیکیورٹی کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب حملہ کیا ،حملہ آورایک گاڑی اور موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے کیمپ پرفائرنگ شروع کردی جس سے وہاں موجود چھ سیکیورٹی اہلکار اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ حملے میں زخمی ہونیوالے سیکیورٹی اہلکار کو سی ایم ایچ گجرانوالہ منتقل کردیا گیا۔ دہشت گردوں نے فرارہوتے وقت ایک ٹائم ڈیوائس بھی نصب کی تھی تاہم اس کے پھٹنے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ یہ کیمپ ڈیڑھ ماہ قبل ہیلی کاپٹر حادثے میں لاپتہ ہونے والے میجر کی تلاش کیلئے لگایا گیا تھا۔ دوسری جانب مشیر داخلہ رحمان ملک نے گجرات میں سیکیورٹی فورسزکے کیمپ پرحملے کی شدید مذمت کی اور ڈی پی اوگجرات سے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ رحمان ملک نے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی مشیر داخلہ کا کہنا تھاکہ حملہ آوروں کوکسی صورت بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز پر حملہ انتہائی بزدلانہ اقدام ہے اس سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.