9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:52
تیل و گیس کے غیر فعال ایکسپلوریشن بلاکس کی نیلامی کی تجویز
آج نیوز - پلاننگ کمیشن نے حکومت کو ملک میں تیل اور گیس کے غیر فعال ایکسپلوریشن بلاکس کی نیلامی کی تجویز دی ہے۔ ملک میں گیس کی پیداوار میں مسلسل کمی اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے پلاننگ کمیشن نے حکومت کو سرکاری شعبے کے ملکیتی غیر فعال تیل و گیس کے ایکسپلوریشن بلاکس نجی شعبے کو فروخت کرنے کی تجویز دی ہے۔ پلاننگ کمیشن کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو ارسال کردہ پلان میں گیس کی پیداوار میں طویل مدت تک کمی سے ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو گیس کی موجودہ پیداوار، چار ہزار ایم ایم سی ایف ڈی سے گھٹ کر دو ہزار بیس تک ڈھائی ہزار ایم ایم سی ایف ڈی اور دو ہزار تیس تک مزید کمی سے چار سو ایم ایم سی ایف ڈی رہ جائے گی۔ وزارت پیٹرولیم حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ساٹھ فیصد ایکسپلوریشن ایریا سرکاری شعبے کی ملکیت ہیں۔