9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 23:20
لال شہباز قلندر کے عرس کی تین روزہ تقریبات
آج نیوز - عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہبازقلندر کے سات سو ساٹھویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات سیہون شریف میں شروع ہوگئیں۔صوفی بزرگ حضرت قلندر لعل شہباز عرس کے موقع پر مزار اور شہر بھر میں چراغاں کیا گیا ہے، لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند ملک کے مختلف شہروں سے جوق در جوق سیہون شریف پہنچ رہے ہیں۔ عرس کے موقع پر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کندھے سے کندھا ملا کر ناچتے گاتے نظر آتے ہیں۔میلے میں صوفیانہ کلام اور قوالی کی دھوم لوگوں کو دھمال ڈالنے پر مجبور کردیتی ہے۔اٹھارہ شعبان سے شروع ہونیو الی عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی۔ جس میں پانچ لاکھ سے زائد زائرین شرکت کرتے ہیں۔ جس سے مقامی افراد کا کاروبار بھی چمک اٹھتا ہے۔عرس کے موقع پرلوڈشیڈنگ، پانی کی قلت، گندگی اور مکانات کے کرایوں نے یہاں آنے والوں کو سخت پریشان کر رکھا ہے۔ زائرین کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات بہتر بنائے تاکہ ملک بھر سے آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔