9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 23:20
قومی اسمبلی: توہین عدالت ترمیمی بل منظور، اپوزیشن ارکان کا احتجاج
جیو نیوز - اسلام آباد … قومی اسمبلی میں توہین عدالت ترمیمی بل 2012ء منظور کرلیا گیا، مسلم لیگ ن کے اراکین کی جانب سے بل کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا جبکہ اپوزیشن نے توہین عدالت ترمیمی بل کی مخالفت کردی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت جاری ہے۔ قومی اسمبلی میں توہین عدالت ترمیمی بل 2012ء وفاقی وزیر قانون سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے پیش کیا جسے ایوان کی اکثریت سے منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی۔ توہین عدالت ترمیمی بل کی منظوری کے بعد 21 ویں آئینی ترمیم کا بل 2012ء بھی قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا، وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ یہ بل جسٹسز کی تنخواہ بڑھانے سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل ججز کے حقوق سے متعلق ہے، کسی کو رشوت نہیں دے رہے۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ بل کی منظوری سے پارلیمنٹ کو بڑی کامیابی نصیب ہوئی ہے، الیکشن کمشنر کیلئے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے، ہماری طرف سے کوئی بدنیتی نہیں ہے، حکومت جمہوریت کو پروان چڑھانے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر جانبدار الیکشن کمشنر کا تقرر پارلیمنٹ کی فتح ہے، تمام جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نیٹوکی سپلائی لائن اصولی موٴقف کی وجہ سے بند کی، نیٹوسپلائی بند کرکے 8 ماہ تک دباوٴ برداشت کیا۔