9 جولائی 2012
وقت اشاعت: 23:36
لاہور ہائیکورٹ :بچے کا قتل ،چار ڈاکٹروں کی عبوری ضمانت منظور
آج نیوز - عدالت نے بچے کے قتل کے الزام میں چار ڈاکٹروں کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کر دیا۔ دوسری جانب عدالتی حکم کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے سرکاری ہسپتالوں کے ان ڈورز اور آؤٹ ڈورز میں کام شروع کر دیا ہے لیکن بیشتر ہسپتالوں میں ڈیوٹیوں پر واپس آنے والے ڈاکٹرز کی تعداد ابھی کم ہے۔لاہورہائیکورٹ نے وائی ڈی اے کو پیر سے ہڑتال مکمل طور پر ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم پر ملتان،گوجرانوالہ،فیصل آباد،گجرات،منڈی بہاؤالدین،سرگودھا،حافظ آباد سمیت دوسرے شہروں میں ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کرکے ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں تاہم لاہور کے ہسپتالوں میں ابھی تک ہڑتالیوں ڈاکٹروں کی مکمل واپسی نہیں ہوئی۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ وہ صبح سے مسیحاؤں کے انتظار میں بیٹھے ہیں۔ دوسری طرف ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے عدالت کے حکم پر ہڑتال ختم کردی ہے سرکاری ہسپتالوں میں آہستہ آہستہ ڈاکٹر واپس آنا شروع ہو جائیں گے۔وائی ڈی اے کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر مکمل عمل کیا جائے گا۔۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں نے فرائض سنبھال لئے ہیں۔۔ تمام ینگ ڈاکٹرز کو ڈیوٹیوں پر جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔