10 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:34
دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچ کراختتام پذیر
آج نیوز - نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ لاہور سے اسلام آباد پہنچ کراختتام پذیر ہو گیا۔ مولانا سمیع الحق کہتے ہیں کہ حکمرانوں نے قبلہ درست نہ کیا تو چودہ سے پندرہ جولائی کو کوئٹہ سے چمن سولہ سے سترہ جولائی کو پشاور سے طورخم تک لانگ مارچ کریں گے۔دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ جی ٹی روڈ روات سے راولپنڈی میں داخل ہوا۔ جہاں سے سواں اڈہ، کچہری چوک، مریڑ چوک اور مری روڈ سے ہوتا ہوا فیض آباد پہنچا۔ ان تمام راستوں سے مختلف مقامات پر جلوس لانگ مارچ کے شرکاء کا استقبال کرتے رہے۔ اس موقع پر مرکزی شاہرہ کی مختلف جگہوں پر استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے تھے جہاں پر دفاع پاکستان کونسل کے مقامی قائدین اور کارکنوں نے شرکاء کا والہانہ استقبال کیا۔ لانگ مارچ جب اسلام آباد میں براستہ فیض آباد داخل ہوا تو وہاں پر موجود استقبالیہ کیمپ کے ارکان نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد لانگ مارچ پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے ڈی چوک پر جا پہنچا جہاں پر دفاع پاکستان کونسل کے قائدین مولانا سمیع الحق ، حافظ سعید احمد ، شیخ رشید احمد ، منور حسن ، جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے اپنے خطاب کے دوران نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سپلائی لائن کو بند کرے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے قبلہ درست نہ کیا تو چودہ سے پندرہ جولائی کو کوئٹہ سے چمن سولہ سے سترہ جولائی کو پشاور سے طورخم تک لانگ مارچ کرینگے۔ حافظ سعید نے کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن تھا ،،حکمران امریکا کی غلامی کررہے ہیں جبکہ امریکہ بھارت سے دوستی نبھا رہا ہے ،،ڈرون حملے امریکہ کی طرف سے مسلمانوں کیلئے تحفہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سپلائی لائن کی بحالی کے بعد شہریوں پر دوبارہ ڈرون حملے کر رہا ہے جو ملکی سلامیت کیلئے شدید خطرے کا باعث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی لائن بحال کر کے ملک سے غداری کی گئی ہے اور ملک و قوم کی پیٹ میں چھرا گھونپا گیا ہے۔ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ تاہم دفاع پاکستان کونسل تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دے گی۔