10 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:16
توہین عدالت پر نئی قانون سازی ،بل سپریم کورٹ میں چیلنج
آج نیوز - توہین عدالت کے خلاف نئی قانون سازی سے متعلق حکومت کے پیش کردہ ترمیمی بل دو ہزار بارہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ توہین عدالت ترمیمی بل کے خلاف عدالت عظمیٰ میں آئینی درخواست محمد صدیق خان بلوچ نے اکرام چودھری ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے جس میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ ترمیمی بل آئین کے آرٹیکل دو اے،چار،پانچ اور پچیس کی خلاف ورزی ہے،اس بل کا مقصد قانون کی عملداری میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔ درخواست گذار کا کہنا ہے کہ نئی قانون سازی امتیازی اور برابری کے اصولوں کے خلاف ہے،بل کا مقصد عدلیہ کی آزادی کو کم کرنا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ترمیمی بل کو آئین کے آرٹیکل آٹھ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دے۔