11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:42
کراچی کو بجلی زیادہ دیکر زیادتی کی گئی ،شہباز شریف
آج نیوز - وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے حصے کی بجلی کراچی کو دیکر زیادتی کی جارہی ہے۔ اٹھانوے فیصد بلوں کی ادائیگی کے باوجود پنجاب میں بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ سرگودھا ٹینٹ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت واپڈا کی پچیس ارب روپے کی نادہندہ ہے جبکہ پنجاب کو صرف ساڑھے چار ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرگودھا کی تحصیل ساہیوال میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اسپورٹس اسٹیڈیم کا افتتاح کیا،اسٹیڈیم میں ہاکی،کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے لئے تمام ضروری سہولتیں موجود ہوں گی۔اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے چار سو ستاون ملین روپے کی لاگت سے توسیع شدہ شاہ پور روڈ،ٹراما سینٹر اور اسپیشل ایجوکیشن سینٹر کا بھی افتتاح کیا،اسی دوران شہباز شریف نے سرگودھا میں ڈی ایچ کیو کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا۔