11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 11:32
جیالے آئندہ الیکشن کی تیاری کریں، صدر زرداری
آج نیوز - صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جیالے آئندہ الیکشن کی تیاری کریں، چالیس سال آگے کا سوچ کر ق لیگ اور ایم کیو ایم سے اتحاد کیا،، ذوالفقار آباد کی مخالفت کرنے والے قوم پرستوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ صدارتی کیمپ بلاول ہاؤس میں صدر آصف علی زرداری نے تین اہم اجلاسوں کی صدارت کی۔ وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے امن وامان کے علاوہ اتحادیوں سے ہونے والی بات چیت پر صدر کو بریفنگ دی، جبکہ وفاقی وزیر پانی و بجلی احمد مختار نے توانائی کے منصوبوں اور بجلی گھروں کو فرنس آئل کی فراہمی سے متعلق اجلاس میں اصل صورتحال سے آگاہ کیا۔ بلاول ہاؤس میں ٹھٹہ کے صحافیوں کو ذوالفقار آباد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صدر نے قوم پرستوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قوم پرست عوامی حمایت سے محروم افراد کا ٹولہ ہے، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ سندھ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، مخالفت برائے مخالفت نہ کی جائے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صدر پر کابینہ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو مکمل اعتماد ہے۔ ذوالفقار آباد منصوبے سے ٹھٹھہ کے لوگوں کو روزگار ملے گا۔