11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 11:49
استاد سلامت علی خان کی گیارہویں برسی
آج نیوز - موسیقی کے گھرانوں میں شام چوراسی کی پہچان اور پاکستانی کلاسیکل میوزک کی شان استاد سلامت علی خان کی گیارہویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ موسیقی کے نامورگھرانے شام چوراسی کے عظیم گائیک استاد سلامت علی خان ہوشیار پور میں پیدا ہوئے۔ اپنے والد ولایت علی خان سے تربیت حاصل کرنے کے بعد انہوں نے سات سال کی عمر میں اپنے بھائی نزاکت علی خان کیساتھ جالندھر کے میلے میں ایک گھنٹہ تک راگ میاں کی توڑی گا کر کلاسیکی موسیقی کے حلقوں کو چونکا دیا۔ استاد سلامت علی خان کو کلاسیکی گلوکاری اور موسیقی کا استاد مانا جاتا تھا۔ انہوں نے بے شمار گانے گائے اور موسیقی ترتیب دی۔ راگ کی بڑھت اور لے کاری کے انداز نے انہیں دوسرے گائیکوں سے ممتاز بنا دیا ، انہیں تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ دنیا میں جب بھی کلاسیکی موسیقی کا تذکرہ ہو گا، استاد سلامت علی خان کا نام اس فن کے معتبر اساتذہ میں لیا جائے گا۔ ان کے بعد ان کے بیٹے اس فن کی ترویج کے لئے کوشاں ہیں۔