11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:5
پالیکلے ٹیسٹ: کھانے کا وقفہ، پاکستان کے 2 وکٹ پر 119 رنز
آج نیوز - پالیکلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے دوسری اننگز میں کھانے کے وقفے تک دو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انیس رنز بنالئے۔ پالیکلے میں جاری میچ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں پاکستان کے دو سو چھبیس رنز کے جواب میں تین سو سینتیس رنزبناکر آؤٹ ہو گئی تھی اور اسے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں ایک سو گیارہ رنز کی برتری حاصل تھی۔ پاکستان نے تیسرے دن کے اختتام تک دوسری اننگزمیں ایک وکٹ پرستائیس رنزبنائے تھے۔ قومی ٹیم کے واحد آؤٹ ہونے والے بیٹسمین توفیق عمر تھے، جو صرف چار رنز بنا کر کلاسیکرا کا شکار بنے۔ پاکستان نے آج اپنی دوسری اننگز ایک وکٹ کے نقصان پر ستائیس رنز کے ساتھ دوبارہ شروع کی تو اسے سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید چوراسی رنز درکار تھے۔ قومی ٹیم کے اوپنر محمد حفیظ اور ون ڈاؤن آنے والے بیٹسمین اظہر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں چورانوے رنز جوڑے۔ ایک سو دس رنز کے مجموعے پر اوپنر محمد حفیظ اپنی ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد باون رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم نے کھانے کے وقفے تک دو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انیس رنز بنائے تھے۔ اظہر علی اڑتالیس اور یونس خان دو رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کو دوسری اننگز میں سری لنکا پر آٹھ رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ تین میچز کی سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔