تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:16

بلوچستان بدامنی کیس: لاپتہ مفتی عبدالوہاب عدالت میں پیش

آج نیوز - بلوچستان بدامنی کیس میں پولیس نے لاپتہ مفتی عبدالوہاب کو پیش کردیا، چیف جسٹس نے ایف سی سے کہا ہے کہ شام تک لاپتہ افراد کو پیش کرنے نہ کرنے فیصلہ کرلیں۔ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بلوچستان بد امنی کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ چیف جسٹس نے ایف سی کے وکیل سے کہا کہ ایف سی کی سول ایڈمنسٹریٹر کی اجارت کے بغیر کارروائی قانون کیخلاف ہے، انسانی جانوں کی بے حرمتی مت کراو سب نے ایک دن مرنا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ توتک میں دو ہزار گیارہ میں ایف سی نے کیسے کارروائی کی، مقامی انتظامیہ کو پتہ ہی نہیں۔ توتک واقعے میں انتظامیہ ملوث پائی گئی تو گرفتاری کا حکم دیں گے۔ چیف جسٹس نے سکریٹری داخلہ سے کہا کہ ایسا نہیں ہو گا یہاں سے جا کر سو جائیں، کوئٹہ میں کالے شیشے والی گاڑیوں میں مسلح افراد گھوم رہے ہیں۔ وکیل نے جواب دیا کہ ایف سی کا کام لوگوں کو مار کر ویرانوں میں پھینکنا نہیں۔ جسٹس جوادایس خواجہ نے ایف سی کے وکیل سے کہا کہ آپ نہ بتائیں ہمارا کیا کام ہے، ہمیں پتہ ہے کہ آئین پر عمل درآمد کیسے کرایا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم کسی کے دشمن نہیں، ہم روزآتے ہیں تقریریں سنتے ہیں لیکن کام کچھ نہیں ہوتا۔ جسٹس خلجی عارف نے کہا کہ کیا وجہ ہے ہر معاملے میں ایف سی کو ملوث کیا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملک کے اس حصے میں وہ کام ہو رہا ہے جو میں اپنے منہ سے نہیں کہنا چاہتا۔ چیف جسٹس نے ڈی پی او خضدار سے بھی کہا کہ آج تک ایک بھی ٹارگٹ کلر گرفتار نہیں ہوا۔ انہوں نے سوال کیا کہ صوبے میں ہر آدمی پریشان ہے، چہروں پر مایوسی کیوں ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.