11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 18:56
وفاقی کابینہ کا ملک بھر میں یکساں لوڈشیڈنگ کرنے کا فیصلہ
آج نیوز - وفاقی کابینہ نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستیں بڑھانے اور ملک بھر میں یکساں لوڈشیڈنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ہے۔ اجلاس میں دہری شہریت کے بل پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں توانائی بحران کے خاتمے اور مہنگائی کی صورتحال پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے کابینہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مزید بجلی سسٹم میں شامل کی گئی ہے جس کے بعد بجلی کا شارٹ فال تین ہزار پانچ سو میگاواٹ تک آ گیا ہے اور لوڈشیڈنگ میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں لوڈشیڈنگ یکساں طور پر کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ نے اقلیتوں کیلئے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں نشستیں بڑھانے کی بھی منظوری دی ہے اور فیصلے پر عملدرآمد کیلئے مذہبی امور،،بین المذاہب ہم آہنگی اور پارلیمانی امور کے وزراء پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔