11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:21
توہین عدالت کیس ،بابر اعوان کیخلاف سماعت ملتوی
آج نیوز - بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی،کہتے ہیں ان کے خلاف عدالتی انکوائری غیر آئینی ہے،،توہین عدالت کے نئے قانون پر کسی منشی نے ایک بار پھر حکومت کو غلط مشورہ دیا ہے۔جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اطہر سعید پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے موٴقف اختیار کیا کہ وہ توہین عدالت کے نئے قانون کی حمایت نہیں کرتے، کسی منشی نے حکومت کو غلط مشورہ دیا ہے،عدالت ان کے خلاف انکوائری نہیں کر سکتی، ایسا کرنا غیر آئینی ہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ عدلیہ کی حمایت یا مخالفت میں جلسے جلوس بھی توہین عدالت کے زمرے میں ایتے ہیں، عدلیہ نے اپنی کارروائی خود کرنا ہوتی ہے اسے کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں۔ بابر اعوان نے کہا کہ انکے خلاف شکایت کنندہ کو بھی عدالت میں بلایا جائے،جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دئیے کہ آپ پرانے دلائل دہرا رہے ہیں جو کہ ہمارے پاس نوٹ ہیں کوئی نئی بات کریں،بابر اعوان نے کہا کہ میڈیا میں انکا چھ ماہ سے ٹرائل ہو رہا ہے، عدالت ایک بھی ایسا کیس بتا دے جس میں معافی مانگنے پر عدالت نے معاف نہ کیا ہو،بابر اعوان کے دلائل ابھی جاری تھے کہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔