11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 23:21
ریلوے کے مسافروں کو مشکلات کا سامنا
آج نیوز - پاکستان ریلوے کے پاس کبھی انجن نہیں ہوتے تو کبھی ڈیزل، ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر پر خاموشی نے مسافروں کو اپنی منزل سے بھی بے خبر کر دیا۔دو ہزار دس میں ایک سو ستر سے زائد ٹرینیں چلتی تھیں، جو کم ہو کر اب پچاسی رہ گئی ہیں اور ان میں سے بھی اکثر غیر فعال ہیں۔ بدھ کے روز کراچی سے آنے والی عوام ایکسپریس ساڑھے چھ گھنٹے،قراقرم ایکسپریس،تیز گام اور کراچی ایکسپریس،علامہ اقبال ایکسپریس پانچ سے چھ گھنٹے،جبکہ جعفر ایکسپریس دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ایندھن کی کمی کے نتائج بھی مسافروں کو ہی بھگتنا پڑتے ہیں، کبھی انہیں راستے میں اتار کر بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے تو کبھی اے سی بند کر کے پارلر اور بزنس کلاس کے مسافروں کو اکانومی کلاس میں دھکیل دیا جاتا ہے۔وزرات ریلوے کی جانب سے سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے لینے کے باوجود صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے، حکمرانوں نے اب بھی نوٹس نہ لیا تو ٹرینوں کی بحالی کے امکانات معدوم ہو جائیں گے۔