11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 23:4
اردو بولنے والے سندھ کے بیٹے ہیں، مہاجروں کو قوم تسلیم نہیں کرتا، قادر مگسی
جیو نیوز - ڈیلاس /ٹیکساس … راجہ زاہد اختر خانزادہ … سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ اردو بولنے والے سندھ دھرتی کے بیٹے اور بیٹیاں ہیں میں مہاجروں کوبحیثیت قوم تسلیم نہیں کرتا۔ یہ بات انہوں نے ریاست ٹیکساس کے دورے کے دوران یہاں فورٹ ورتھ میں ممتاز سندھی کمیونٹی لیڈر فیض اللہ عباسی کی رہائش گاہ پر عشائیہ کے بعد جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں اردو بولنے والوں کے خلاف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں دو ہزار سے زائد کارکن اردو بولنے والے ہیں اور حال ہی میں ٹنڈو الہیار میں ہمارا ایک کارکن شہید ہوا جو کہ اردو بولنے والا راجپوت فیملی کا فرد تھا۔ انہوں نے کہا کہ قرار داد پاکستان جو کہ 1940ء میں پیش ہوئی، اس میں کیا یہ لکھا ہوا نہیں تھا کہ ہندوستان سے بڑے پیمانے پر ہجرت ہوگی، لیکن ایسا ہوا اور سندھیوں نے ان آنے والے مہاجرین کو اپنے دلوں کے دروازے کھول کر خوش آمدید کہا، اس طرح وہ لوگ مہاجرین تھے جب کہ ان کی نسلیں جو یہاں پر پیدا ہوئیں وہ پیدائشی سندھی ہیں جن کو ہم سندھی تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے اختلافات اصولی ہیں، ایم کیو ایم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں اور خاندانوں کی حکمرانی کے خلاف نعرے لگاتی ہے اور کہتی ہے کہ ہم کرپشن سے پاک ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے گورنر عشرت العباد اور وفاقی وزیر بابر غوری بڑی بڑی کرپشن میں مبتلا ہیں اور اب یہ لوگ ارب پتی بن گئے ہیں، کراچی، اور امریکی شہریوں میں ان کے اثاثے موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ہم بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے، اس سلسلے میں 3 قوم پرست جماعتوں اور پی ٹی آئی سے الحاق کیا ہے اور انہیں امید ہے آئندہ انتخابات میں ہمارے امیدوار پیپلزپارٹی کا صفایا کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریبوں کو ٹکٹ دیں گے، جب سے ہم نے پارٹی تشکیل دی ہے کبھی سندھو دیش کی بات نہں کی، ہم فیڈریشن میں رہ کر سندھیوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں۔ مہاجر صوبے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہاجر صوبہ سندھیوں کی لاشوں سے گزر کر ہی بن سکتا ہے اور اس کو سندھی قوم کسی طور پر برداشت نہیں کرے گی، سندھ کی تاریخ 5 ہزار سال پرانی ہے اور سندھ دھرتی کے بیٹے کبھی ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ سندھی قوم پرستوں کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہر کسی کا اپنا نظریہ ہے کوئی سندھو دیش کی بات کرتا ہے تو کوئی فیڈریشن میں رہ کر مسائل حل کرنا چاہتا ہے، اس لئے یہ بڑا مشکل کام ہے۔ انہوں نے سندھ کمیونٹی کے افراد سے بھی خطاب کیا اور ان کو متحد رہنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر سندھ ڈیمو کریٹک فورم کے رہنما ذوالفقار ہالیپوتہ، ورلڈ سندھی کانگریس کے رہنما امید علی لغاری، سندھی ایسوسی ایشن کے رہنما سرفراز عباسی، فیض اللہ عباسی، معظم بھنگر، ڈاکٹر لام نبی کلہوڑا، الطاف حافظ، آغا منیر سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔