12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 1:30
سینیٹ :توہین عدالت کا قانون منظور
آج نیوز - توہین عدالت کے قانون میں ترمیم کا بل سینٹ میں بھی منظور کرلیا گیا، مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام نے بل کی مخالفت کردی۔ اعتزاز احسن نے توہین عدالت بل کے مسودے پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا۔وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے قواعد معطل کرکے امتناع توہین عدالت قانون ترمیمی بل دو ہزار بارہ سینٹ میں پیش کیا جس کو منظور کرلیا گیا ہے۔اس سے پہلے مسلم لیگ نون کے اسحق ڈار نے کہا کہ حکومت آج بل پاس کرکے رات بارہ بجے سے پہلے صدر کے دستخط کرانا چاہتی ہے تاکہ کل سپریم کورٹ میں اس بل کی نقل پیش کی جاسکے، انکا کہنا تھا کہ بل منظور ہوا تو عدالت میں چیلنج کریں گے، سینٹ میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت نے بل پر تحفظات دور نہیں کئے، جے یو آئی حکومت کا ساتھ نہیں دے گی، حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ابھی وزیراعظم کو بلایا نہیں، صرف این آر او عملدرآمد کیس کے فیصلے پر پیشرفت کی رپورٹ مانگی ہے۔ اے این پی کے اعظم ہوتی نے کہا کہ پارلیمان کے کردار کا ایک بار فیصلہ کرنا ہوگا، چیئرمین سینٹ رولنگ دیں کہ پارلیمان سپریم ہے یا کوئی اور ادارہ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت توہین عدالت بل کے مسودے پر نظر ثانی کرے، عجلت میں بنایا گیا قانون حکومت کے لئے نقصان دہ ہوتا ہے، آج اگر یہ قانون صدر اور وزیراعظم کو استثنٰی دے رہا ہے تو کل اپوزیشن میں جانے سے حالات بدل جائیں گے، انھوں نے کہا کہ مستقبل میں اگر اسی قانون کے تحت عدالتوں سے رجوع کیا گیا تو کہا جائے گا کہ یہ آپکا ہی بنایا ہوا قانون ہے۔