تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 11:28

حسین حقانی کو پیشی سے استثنیٰ کی درخواست کیلئے 3 دن کی مہلت

آج نیوز - سپریم کورٹ نے حسین حقانی کو پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرنے کیلئے تین دن کی مہلت دیتے ہوئے میمو کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ہے۔ میمو مقدمے کی سماعت جسٹس شاکراللہ جان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے نو رکنی فل بنچ نے کی۔ عدالت نے حکم کے باوجود حسین حقانی کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور جسٹس شاکراللہ جان نے حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر سے پوچھا کہ وہ کیوں پیش نہیں ہوئے۔ عاصمہ جانگیر نے وضاحت کہ انہوں نے اپنے مئوکل کو بارہ جون کے عدالتی حکم سے آگاہ کردیا تھا۔ عاصمہ جہانگیر نے عدم پیشی کے حوالے سے حسین حقانی کا خط پڑھ کر سنایا اور کہا کہ ان کی جان کو شرپسندوں سے خطرہ ہے، حکومت کو جب حقانی کی ضرورت تھی تو انہیں تحفظ بھی دیا گیا، اب حکومت کو ان کی کوئی ضرورت نہیں، اگر وہ ہوٹل میں رہتے ہیں تو سیکیورٹی کا کیا ہوگا، اٹارنی جنرل اور سیکریٹریز کو اس حوالے سے لکھا مگر کوئی جواب نہیں آیا، اٹارنی جنرل اگر سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائیں تو حقانی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ میمو کمیشن نے حسین حقانی کو غدار قرار دیا، جس پر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ یہ کمیشن کی رائے ہے، عدالت تمام فریقین کو سن کر اپنا فیصلہ دے گی۔ درخواست گزار بیرسٹر ظفراللہ نے کہا کہ حقانی نے کارروائی میں حصہ لینے کی یقین دہانی کروائی تھی،عدالتی حکم کے باوجود حسین حقانی نہیں آئے، لہٰذا میری درخواست پر کارروائی کی جائے۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ حسین حقانی انڈر ٹیکنگ کے تحت بیرون ملک گئے تھے کہ عدالت کے طلب کرنے پر واپس آجائیں گے۔ جسٹس شاکراللہ جان نے کہا کہ معاملہ عدالتی حکم کا ہے۔ عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ انہیں حسین حقانی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کیلئے دو دن کی مہلت دی جائے۔ عدالت نے انہیں تین دن کی مہلت دیتے ہوئے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.