12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 11:44
لاہور: دہشتگردوں کی فائرنگ، 9 زیرتربیت جیل اہلکار جاں بحق
آج نیوز - لاہورمیں دہشت گردوں کی فائرنگ سے نو زیرتربیت جیل اہلکار جاں بحق جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق خیبر پختونخواہ سے ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔ دہشت گردی کا واقعہ صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب لاہور کے علاقے اچھرہ میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق رسول پارک کے قریب محکمہ جیل کی نیشنل اکیڈمی کی دو منزلہ عمارت میں تین موٹرسائیکلوں پر سوار چھ نقاب پوش افراد داخل ہوئے۔ تین افراد نے پہلے عمارت کے گیٹ تعینات اہلکاروں کو گولیوں کا نشانہ بنایا اور پہلی منزل پر پہنچ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جس سے نو زیر تربیت اہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں محمد علی، خدائے نور، قمرالزماں، شفقت، سردار، عاصم جان، عبدالمعروف اور شریف الدین شامل ہیں۔ جبکہ زخمی ہونے والوں کے نام اسد، جمیل اور فیاض بتائے جاتے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔ سی سی پی او لاہور اسلم ترین نے میڈیا کو بتایا یہ حادثہ جیل حکام کی نااہلی اور غفلت سے پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں جیل حکام کی اکیڈمی کے بارے میں پولیس کو کوئی علم نہیں تھا اور عمارت کی حفاظت کا بھی مناسب انتظام نہیں تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں نے شرٹ اور ٹراؤزر پہن رکھے تھے اور کندھوں پر بیگ لٹکائے ہوئے تھے۔ حملہ آور دس منٹ تک فائرنگ کرتے رہے اور واردات کے بعد اطمینان سے فرار ہو گئے۔