12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:33
توہین عدالت بل کیخلاف پنجاب بھر میں وکلا کی ہڑتال
آج نیوز - توہین عدالت بل کے خلاف اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں وکلا نے ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے توہین عدالت کے قانون میں تبدیلی کے خلاف لاہورہائیکورٹ بار سمیت پنجاب کے ڈسٹرکٹ بارز کے وکلاء نے ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، سیالکوٹ، ننکانہ صاحب، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی ، حافظ آباد اور دوسرے شہروں میں وکلا نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور بار ایسوسی ایشنز پر سیاہ پرچم لہرائے گئے۔ وکلاء رہنماؤں کا کہنا تھا کہ توہین عدالت کے قانون میں اتنی عجلت میں ترمیم کرنا قابل مذمت ہے۔ حکومت عدلیہ پر قدغن لگانے کی کوشش کر رہی ہے، جسے کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔