12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 15:32
حسین حقانی کا اپنی وکیل کو لکھا گیا خط آج نیوز کو موصول
آج نیوز - امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کا اپنی وکیل عاصمہ جہانگیر کو لکھا گیا خط آج نیوز کو موصول ہو گیا،کہتے ہیں حکومت کا اپنا مستقبل محفوظ نہیں، صدر اور وزیراعظم پر بھروسہ کر کے وطن واپس نہیں آ سکتا۔ حسین حقانی نے اپنی وکیل عاصمہ جہانگیر کو لکھے گئے خط میں موجودہ قیادت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اٹھارہ نومبر دو ہزار گیارہ سے لے کر اکتیس جنوری دو ہزار بارہ تک وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر میں سیاسی تعلقات کی بناء پر پناہ لی اور انہی تعلقات کی بنیاد پر وہ محفوظ رہے تاہم بعد میں رونما ہونے والے حالات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ صدر اور وزیراعظم کی اپنی مدت معیاد کی کوئی ضمانت نہیں اس لئے واپس پاکستان نہیں آ سکتا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اب وہ اپنی ذاتی سیکیورٹی کیلئے ان شخصیات پر بھروسہ نہیں کر سکتے جن کی اپنی پوزیشن ہی مستحکم نہ ہو۔