12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:21
رہنما کو سزا سے کشمیریوں کی جدوجہد ختم نہیں ہوگی، فضل الرحمان
آج نیوز - پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے امریکہ کی جانب سے ممتاز کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی کو سزا اور جیل بھجوانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ایک رہنما کو سزا سے کشمیریوں کی جدوجہد ختم نہیں ہوگی۔ کشمیر کے حوالے سے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے بھارت کو خوش کرنے کیلئے ڈاکٹر غلام نبی فائی کو سزا دی۔ غلام نبی فائی نامور کشمیری مجاہد ہیں اور وہ جیل کے اندر بھی کشمیر کاز کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بچہ بچہ بھارت سے آزادی کیلئے جدوجہد کر رہا ہے،گھر گھر میں ڈاکٹر فائی پیدا ہو چکے ہیں، کسی ایک رہنما کو سزا سے کشمیریوں کی جدوجہد کو ختم نہیں کیا جا سکتا،کشمیریوں کی تحریک آزادی کے حصول تک جاری رہے گی۔