12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:53
لوڈشیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی پہلی ترجیح ہے،وزیراعظم
آج نیوز - وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیتے ہوئے شارٹ فال آٹھ ہزار سے چار ہزار میگاواٹ پر لانے کی تعریف کی ہے اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے بجلی کی پیداوار میں مزید اضافے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں۔ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف پی ایم ہاؤس اسلام آباد میں انرجی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے وزارت پیٹرولیم اور پانی و بجلی کے حکام کو ہدایت کی بجلی کی پیداوار میں بتدریج اضافے کو یقینی بنایا جائے اور بدلتے موسم کے چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے پیشگی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے وزارت پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ پاور سیکٹر کو فیول کی بلاتعطل سپلائی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے پیٹرولیم عاصم حسین نے اجلاس کو بتایا کہ گھریلو صارفین کے بعد بجلی کیلئے گیس کی فراہمی حکومت کی دوسری بڑی ترجیح ہے، پاور پلانٹس کیلئے کل سے اضافی گیس دستیاب ہوگی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاور پلانٹس کو کنار بیساکھی گیس فیلڈ سے ایک سو پچیس ملین مکعب فٹ اضافی گیس کی سپلائی یقینی بنائی جائے جس سے آٹھ سو میگاواٹ اضافی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔