12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:10
ملک ریاض پر فرد جرم عائد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کل ہوگا
آج نیوز - سپریم کورٹ نے ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کیس میں اظہار وجوہ کے نوٹس تک ابتدائی سماعت مکمل کرلی،فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کل ہو گا،ملک ریاض کے وکیل کہتے ہیں توہین عدالت کا نیا قانون بن چکا ہے مقدمہ اسی کے تحت چلایا جائے۔ جسٹس شاکر اللہ جان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ملک ریاض کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ ملک ریاض کے وکیل ڈاکٹر باسط نے اظہار وجوہ کے نوٹس پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے نوٹس کو قبول کیا، اس سے پہلے توہین عدالت کا کوئی قانون نہیں تھا، تاہم اب نیا قانون بن چکا ہے مقدمہ اسی کے تحت چلایا جائے۔ توہین عدالت کے نئے قانون سے ملک ریاض کو اظہار وجوہ کا نوٹس کالعدم ہو چکا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ریاض نے واضح طور پر کہا کہ وہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کی عزت کرتے ہیں اور انہیں عدالت سے کوئی ریلیف نہیں مل سکا۔ ڈاکٹر باسط نے کہا کہ اظہار وجوہ کے نوٹس میں کارروائی کی ضرورت واضح نہیں، صرف قانونی پہلو نہیں معاشرے پر اثرات کو بھی مد نظر رکھنا ہو گا۔ آرڈیننس دو ہزار تین اور ایکٹ دو ہزار بارہ میں اپیل کا حق موجود ہے۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ توہین عدالت سے متعلق دو ہزار تین کے قانون کو تحفظ دیا جا چکا ہے، ذمہ داری اعتراف جرم کے ساتھ ہی عائد ہو جاتی ہے۔ جسٹس شاکر اللہ جان نے ریمارکس دئیے کہ کارروائی کی ضرورت کے پیش نظر ہی ملک ریاض کو نوٹس جاری کیا گیا، کارروائی کو کس قانون کے تحت آگے بڑھانا ہے کل فیصلہ ہو گا جبکہ ملک ریاض پر فرد جرم عائد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بھی کل کیا جائے گا۔ کیس کی سماعت کل دوبارہ ہو گی۔