12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:42
کراچی میں خونریزی جاری، مزید 3 افراد قتل
آج نیوز - کراچی میں خونریزی جاری ہے، مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں آج مزید تین افراد قتل اور چارزخمی کردیئے گئے۔ آج صبح نمائش چورنگی پر سیاسی جماعت کے عہدیدار تاج محمد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ بہارکالونی میں بھی ایک شخص کو موت کی نیند سلادیا گیا۔ ایک اورواقعہ میں منگھوپیرمیں امداد حسین نامی شخص کو گولیاں مارکر قتل کردیا گیا۔ مقتول کا تعلق تربت سے بتایا جاتا ہے۔ گذشتہ رات سیاسی جماعت کے دو کارکنان کی ہلاکت کے خلاف مشتعل مظاہرین نے ناظم آباد نمبر دو میں انڈر پاس کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بلاک کردیا۔ جس کی وجہ سے ٹریفک شدید جام ہوگیا۔ مظاہرین نے اطراف کی دکانیں بھی بند کرادیں۔ ٹریفک جام پرشہریوں نے ناظم آباد نمبر ایک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ دوسری جانب پولیس نے مواچھ گوٹھ حملے کے الزام میں بلدیہ کے مختلف علاقوں سے انتالیس مشتبہ افرادکو حراست میں لے لیا۔