تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:21

قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی

آج نیوز - وزارت داخلہ کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ انٹرپول کے ذریعے ہمیش خان سمیت اٹھائیس افراد کو گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا، دو سو تینتالیس افراد کو ریڈ نوٹسز جاری ہوئے، جن میں جنرل پرویز مشرف ریٹائرڈ کا نام شامل نہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران ایک تحریری جواب میں ایوان کو بتایا گیا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں چھ ہزار دس افراد کے نام شامل ہیں جن کے نام اور پتے ظاہر نہیں کئے جا سکتے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ رینجرز نے ایک سال میں ایک ارب انہتر کروڑ روپے مالیت کا اسمگلنگ کا سامان پکڑا، جس پر دو کروڑ پچیس لاکھ روپے انعام بھی دیا گیا۔ گزشتہ چار سال کے دوران انٹرپول کے ذریعے دو سو تینتالیس افراد کو ریڈ نوٹسز جاری کئے گئے اور ہمیش خان سمیت اٹھائیس افراد کو بیرون ملک سے گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا تاہم ان افراد میں جنرل پرویز مشرف کا نام شامل نہیں۔ وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ ایچ ای سی کوگزشتہ سال اٹھائیس ارب کا بجٹ دیا گیا لیکن ایچ ای سی نے تعلیم کے منصوبوں کی بجائے ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی، اب مزید دوارب روپے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کو پیسے مل رہے ہیں لیکن ادارے کی ترجیحات درست نہیں۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی نے پاکستان انجینئرنگ کونسل ایکٹ انیس سو چھہتر میں ترمیمی بل دو ہزار بارہ بھی ایوان میں پیش کیا۔ اجلاس جمعہ کی صبح دس بجے دوبارہ ہو گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.