تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:9

پالیکیلے ٹیسٹ ڈرا، سری لنکا نے سیریز 0۔1 سے جیت لی

آج نیوز - پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ ڈرا ہو گیا، سری لنکا نے سیریز ایک صفر سے جیت لی۔ پالیکیلے میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری روز پاکستان نے دوسری اننگز دو سو ننانوے رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تواسد شفیق اوروکٹ کیپر عدنان اکمل نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں بیٹسمینوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور میں اکیاسی رنز کا اضافہ کیا۔ اسد شفیق نے ٹیسٹ کیرئیر کی دوسری سنچری اسکورکی جس کے بعد کپتان مصباح الحق نے تین سو اسی رنز آٹھ کھلاڑی آوٴٹ پر اننگز ڈکلیئرکردی اورسری لنکا کو جیت کیلئے دو سو ستر رنز کا ہدف ملا۔ اسد شفیق سو اور عدنان اکمل پینتیس رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔ دو سو ستر رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا۔ اوپنر پراناویتا اور چندی مل نے ٹیم کو چوالیس رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پراناویتانا بائیس رنز بنا کر جنید خان کا شکار بنے۔ نئے آنے والے بیٹسمین سنگاکارا نے چندی مل کے ساتھ مل کر انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اٹھاسی رنز جوڑے۔ چندی مل پینسٹھ رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ نئے آنے والے بیٹسمین جے وردھنے اور سماراویرا کو بھی سعید اجمل نے وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹکنے دیا جے وردھنے گیارہ رنز اور سماراویرا دس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا نے کھیل کے اختتام تک سنگاکارا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت چار وکٹوں پر ایک سوپچانوے رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں سعید اجمل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ ڈرا ہو گیا جس کے باعث سری لنکا کے تین میچز پر مشتمل سیریز ایک صفر سے جیت لی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.