تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 21:14

لاہور :نو پولیس اہلکار قتل ،جیل اہلکاروں کے تربیتی کورسز ملتوی

آج نیوز - لاہور میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے نو زیرتربیت جیل اہلکار جان بحق جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے، واقعہ کی تحقیقات کیلئے سی سی پی او لاہور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی، سانحہ کے بعد جیل اہلکاروں کے چار تربیتی کورسز ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دیئے گئے۔ پولیس کے مطابق محکمہ جیل کے زیرتربیت اہلکار رسول پارک سمن آباد میں ایک نجی رہائش گاہ میں مقیم تھے، صبح ساڑھے پانچ بجے چھ نقاب پوش موٹرسائیکلوں پر آئے، جنہوں نے عمارت میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے نو ، اہلکار ہلاک ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں محمد علی، خدائے نور، قمرالزماں، شفقت، سردار، عاصم جان، عبدالمعروف اور شریف الدین شامل ہیں، جن کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی یہ واردات بابو صابو اور گجرات کے واقعات کا تسلسل ہے۔زخمی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے عمارت کے اندر دستی بم بھی پھینکے جبکہ انہیں چن چن کر گولیاں ماری گئیں۔ دہشت گردی کے اس واقعہ میں بچ نکلنے والے جیل وارڈن نے بتایا کہ حملے کے وقت عمارت میں بتیس جوان تھے، متعدد نے چھت سے چھلانگیں لگا کر جانیں بچائیں۔پولیس نے دس نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ آئی جی پنجاب نے واردات کی تحقیقات کے لئے سی سی پی او لاہور کی سربراہی میں آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیشنل ٹریننگ اکیڈمی فار پریڑن نے سانحہ کے بعد اکیڈمی میں جاری چار کورسز ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دیئے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.