12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:35
ایران سے گیس گیس پائپ لائن منصوبہ جلد مکمل کرنے کا مطالبہ
آج نیوز - صنعت کاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں توانائی کے بحران اور گیس کی قلت کے پیش نظر ایران سے گیس پائپ لائن منصوبہ جلد مکمل کیا جائے۔ ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر عرفان قیصر شیخ نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات میں کہا کہ ملک میں گیس کی قلت ہے، اور مزید تلاش کے لئے کسی نئی فیلڈ پر کام بھی نہیں ہو رہا، گیس کی کمی سے صنعتی شعبے کو پیداواری سطح پر سخت نقصان کا سامنا ہے، انھوں نے کہا کہ سال دوہزار چودہ پندرہ تک ملک میں گیس کی قلت ڈھائی ارب کیوبک فیٹ یومیہ تک پہنچ جائے گی جبکہ پانچ سال میں یہ قلت ساڑھے تین ارب کیوبک فیٹ یومیہ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، انھوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ، صنعتوں کو بحران سے نکالنے اور ان کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جس پر ہنگامی بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے، ایس این جی پی ایل کے ایم ڈی نے کہا کہ حکومت ایران سے گیس کے درآمدی منصوبے پر کام کر رہی ہے، اور اس سلسلے میں گذشتہ ماہ روسی کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا ہے۔