12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:51
پالیکیلے ٹیسٹ :آف اسپنر سعید اجمل بہترین باولر رہے
آج نیوز - سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل پندرہ وکٹوں کے ساتھ بہترین باولر رہے۔ قومی ٹیم سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز تو ہار گئی لیکن پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی نمایاں رہی۔ بالرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود آف اسپنر سعید اجمل پندرہ وکٹوں کے ساتھ سیریزکے ٹاپ وکٹ ٹیکر رہے۔ سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ کی وکٹوں کی تعداد بھی پندرہ رہی۔ سیریز میں لیفٹ آرم فاسٹ بالر جنید خان نے چودہ اورعبدالرحمان نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ حفیظ نے تین جبکہ سمیع اور عمر گل صرف ایک ایک وکٹ ہی حاصل کرسکے۔ بیٹنگ کی بات کی جائے تو سری لنکا کے کمار سنگاکارا چار سو نوے رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورررہے۔ حفیظ نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ تین سو پندرہ رنز اسکورکئے۔ جس میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ اظہر علی نے دو سنچریوں کے ساتھ تین سو جبکہ اسد شفیق نے ایک سینچری اور دو نصف سینچریوں کے ساتھ دو سو ستاون رنز اسکور کئے۔