12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:51
جے سوریا کی زیر قیادت انٹرنیشنل الیون آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریگی
جیو نیوز - کراچی … سری لنکا کے سابق کپتان سنتھ جے سوریا کی قیادت میں انٹرنیشنل الیون آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی،مہمان ٹیم کراچی میں پاکستان الیون کے خلاف 2 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ سندھ کے وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں بورڈ کے سربراہ ذکاء اشرف سے ملاقات کی،اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ انتخاب عالم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر شاہ کے مطابق سری لنکا کے سابق کپتان جے سوریا انٹرنیشنل الیون کی قیادت کریں گے، ٹیم میں جنوبی افریقا کے 6، ویسٹ انڈیز کے 4 اور سری لنکا کے 2 کھلاڑی شامل ہوں گے۔ سابق ویسٹ انڈین کپتان کالی چرن ٹیم کے کوچ اور منیجر ہو ں گے۔ ڈاکٹر شاہ نے بتایا کہ بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچز کی اجازت دے دی ہے اور سیکیورٹی پلان مانگا ہے، انٹرنیشنل الیون اور پاکستان الیون کے درمیان 2 ٹی 20 میچز 4 اور 5 اگست کو کھیلے جائیں گے ۔