تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:33

سینٹرل جیل حیدرآباد میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی، ایک ہلاک

آج نیوز - سینٹرل جیل حیدرآباد میں قیدیوں کی شدید ہنگامہ آرائی، یرغمالی بنائے گئے پولیس اہلکاروں کو چھڑانے کے لئے آپریشن کے دوران ایک قیدی ہلاک اورسات زخمی ہوگئے، پچاس کو گرفتار کرلیا گیا۔ سینٹرل جیل حیدرآباد میں ہنگامہ آرائی کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب قیدیوں کے ایک گروپ نے اپنے مطالبات منوانے کے لئے جیل پولیس کے پندرہ اہلکاروں کو یرغمال بنالیا جس پر جیل انتظامیہ نے مدد کے لئے پولیس، رینجرز اور ایف سی کو طلب کرلیا۔ یرغمال اہلکاروں کو رہا کرانے کے لئے آپریشن کے دوران پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی جس پر قیدیوں کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔ اس دوران گولی لگنے سے ایک قیدی ہلاک جبکہ سات قیدی زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پانچ پولیس اہلکار بھی ہنگامہ آرائی کے دوران زخمی ہوئے۔ پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد صورتحال کو کنٹرول کرلیا گیا اور جیل پولیس کے یرغمالی اہلکاروں کو رہا کرا لیا گیا۔ ڈی آئی جی جیل گلزار چنہ کے مطابق قیدیوں نے غیر قانونی مراعات حاصل کرنے کے لئے پندرہ پولیس اہلکاروں کو یرغمال بناکر جیل میں توڑ پھوڑ کی۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں بھی جرائم پیشہ قیدی جیل کے اندر سے اغواء برائے تاوان کی وارداتیں کرواتے تھے اور بھتہ وصول کرتے تھے اور اب جرائم پیشہ قیدی دوبارہ غیر قانونی سرگرمیاں شروع کرنا چاہتے ہیں جس کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ جیل میں پولیس آپریشن کے خلاف جئے سندھ تحریک کے کارکنوں نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سینٹرل جیل میں آپریشن فوری طور پر بند کیا جائے اور قیدیوں کو جیل مینول کے مطابق سہولتیں فراہم کی جائیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.