14 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:44
پی پی قبل از وقت الیکشن کیلئے تیار نہیں ،منظور وٹو
آج نیوز - وفاقی وزیر برائے امور کشمیر منظور وٹو نے کہا ہے کہ پچیس جولائی کو این آر او کیس میں حکومتی موٴقف وزیراعظم اور کابینہ کی مشاورت سے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منظور وٹو نے کہا کہ اقتدار کی سویلین حکومت کو منتقلی کے لئے موجودہ پارلیمنٹ کو آئینی مدت پوری کرنے دی جائے، عدلیہ سمیت تمام ادارے ایسے حالات پیدا کرنے سے گریز کریں، جس سے ملک میں بے یقینی کی کیفیت پیدا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ملکی حالات پر بے یقینی غالب ہو اور جمہوریت کو مشکلات درپش ہوں تو آمریت کسی سے پوچھ کر نہیں آتی۔منظور وٹو نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے باوجود حکومت نے عدلیہ سے محاذ آرائی کا راستہ اختیار نہیں کیا اور تمام تر تحفظات کے باوجود عدلیہ کے فیصلوں کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قبل از وقت الیکشن کے لئے تیار نہیں ہے۔