14 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:1
کراچی :فائرنگ ،سات افراد ہلاک
آج نیوز - کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں سات افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب پولیس نے مقابلے کے بعد دو ڈاکووٴں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ملیر کے علاقے کھوکھرا پار میں مکان سے میاں بیوی کی لاش ملی جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ سچل کی حدود میں مکان سے خاتون کی پندرہ روز پرانی لاش ملی جبکہ میمن گوٹھ میں فائرنگ سے پچیس سالہ شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش ملیر ندی کے قریب سے ملی۔ لانڈھی میں سنگر چورنگی اور بلال چورنگی کے قریب الگ الگ واقعات میں مسلح افراد نے ٹرکوں پر فائرنگ کردی جس سے بیالیس سالہ فتح اللہ نامی ٹرک ڈرائیور ہلاک جبکہ ڈرائیور حضرت خان زخمی ہوگیا۔ سپر ہائی وے پر دوران ڈکیتی ملزمان کی فائرنگ سے اڑتالیس سالہ ٹرک ڈرائیور نیاز زخمی ہوگیا۔ جمشید روڈ پر نامعلوم افراد نے بتیس سالہ شہزاد میمن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتول اسپیئر پارٹس کی دکان کا مالک تھا۔ ادھر گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کے قریب فائرنگ سے تیس سالہ اکبر زخمی ہو گیا۔ ہارون آباد میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر تیس سالہ رضوان گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ پولیس نے دو ڈکیت تیس سالہ عبدالقیوم اور پچیس سالہ آصف کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی۔