15 جولائی 2012
وقت اشاعت: 10:43
وزیراعظم کی اپوزیشن جماعتوں کو مذاکرات کی پیشکش
آج نیوز - وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپوزیشن جماعتوں کو شفاف انتخابات کے لیے مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپوزیشن سے خوشگوار تعلقات کے لیے مخلص ہیں۔ گزشتہ روز بشام میں ہائیڈرو پاور پلانٹ کے منصوبے کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آمریت نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، سب کو ملکی استحکام کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کسی بھی اپوزیشن جماعت سے اختلافات نہیں تا ہم سب کو صاف و شفاف انتخابات کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے اور متفقہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کی وجہ بھی یہ ہے کہ انتخابی عمل میں دھوکے بازی نہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے الیکشن میں کبھی ساز باز کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی تاہم وہ سازشوں کا شکار رہے، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ میں تصادم کا کوئی خطرہ نہیں، حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ناکام بنا دیں گے۔