15 جولائی 2012
وقت اشاعت: 11:16
پیپلزپارٹی کا ن لیگ سے رابطہ، ن لیگ کا انتخابات کا مطالبہ
آج نیوز - حکمران جماعت پیپلزپارٹی نے موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لئے مسلم لیگ ن سے رابطے کئے ہیں جبکہ ن لیگ نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنماؤں خورشید شاہ، فاروق ایچ نائیک اور رضاربانی نے ن لیگ کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار سے رابطہ کیا جس میں ملک میں موجود سیاسی بحران پر بات چیت کی گئی۔ پیپلزپارٹی نے ن لیگ پر واضح کیا ہے کہ سوئس حکام کو خط نہیں لکھا جاسکتا۔ جس پر ن لیگ نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اس معاملے پر اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا ہے۔ جبکہ احتساب بل اور دہری شہریت کے بارے میں ن لیگ کی تجاویز پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔