15 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:54
ڈینی گارشیا نے باکسرعامر خان کو شکست دے دی
آج نیوز - امریکی باکسر ڈینی گارشیا نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان کو شکست دے کر ڈبلیو بی سی ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔ عامر خان کولاس ویگاس میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاس ویگاس کے منڈیلا بیایونٹس سینٹر میں ہونے والی باؤٹ کیلئے عامر خان نے اپنی ڈبلیو بی اے لائٹ ویلٹرویٹ بیلٹ جبکہ ناقابل شکست ڈینی گارشیا نے ڈبلیو بی سی ٹائٹل داؤ پر لگایا تھا۔ ڈینی گارشیا نے بارہ راؤنڈز پر مشتمل باؤٹ کا فیصلہ چوتھے ہی راؤنڈ میں کر دیا۔ گارشیا نے عامر کو تین بارناک ڈاؤن کیا۔ ابتدائی تین راؤنڈ میں گارشیا نے عامر کواپنے مکوں سے ادھ موا کر دیا۔ چوتھے راؤنڈ میں گارشیا نے پاور پنچز سے دو مرتبہ نیچے گرایا لیکن عامر دونوں مرتبہ اٹھ کھڑے ہوئے لیکن ریفری نے عامر کی حالت دیکھ کر دو منٹ اٹھائیس سیکنڈز کے بعد مقابلہ ختم کرنے کا اعلان کرکے گارشیا کوفاتح قرار دے دیا۔ یہ عامر کی کیرئیر کے ستائیس مقابلوں میں تیسری شکست ہے۔ چوبیس باؤٹس میں ناقابل شکست گارشیا نے اپنی کلیکشن میں سپر لائٹ ویٹ بیلٹ کا اضافہ کرلیا۔ فائٹ کے بعد عامر کا کہنا تھا کہ مقابلے کے دوران ان سے کچھ غلطیاں ہوئیں جن کی انہیں قیمت ادا کرنا پڑی۔