15 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:36
الیکشن کمشنر کی تقرری ،جمہوریت کی فتح قرار
آج نیوز - وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ الیکشن چار ماہ پہلے ہوں یا بعد، حکومت اور اپوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر اتفاق رائے جمہوریت کی کامیابی ہے۔لالہ موسٰی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، شور مچانے والے جاں لیں کہ چار ماہ پہلے یا بعد میں انتخابات کے انعقاد سے حکومت اور اپوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر اتفاق رائے سب کے لئے ایک واضح پیغام ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالتوں پر حملے کرنے والے آج عدلیہ کو خوش کرنے کے لئے بیان بازی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو فرینڈلی ہونے کا طعنہ دینے والے بندوقوں والی اپوزیشن چاہتے ہیں، لیکن انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ امن و امان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پنجاب کے وزراء دہشت گردوں کے ساتھ چلیں گے تو حالات خراب ہی ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے ٹی وی چینلز پر خواتین کے خاکے اور ڈانس دکھانے کو غیراخلاقی قرار دیا۔