16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:11
بنوں: پولیس کی اسپیشل برانچ پر دہشتگردوں کا حملہ، اہلکار شہید
آج نیوز - بنوں میں اسپیشل ڈسٹرکٹ سیکیورٹی بیورو کی عمارت میں عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا، اسپیشل برانچ سے دھماکوں کی آوازیں، عمارت سے دھواں اٹھ رہا ہے، سیکورٹی فورسز سے مقابلے کے دوران ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق بنوں کے پرانا تھانے کی عمارت میں ڈسٹرکٹ سیکیورٹی بیورو کے دفتر پر عسکریت پسندوں نے سوا نو بجے دستی بموں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ دہشت گردوں نے عمارت میں داخل ہو کر تین اہلکاروں کو بھی یرغمال بنا لیا۔ اطلاع ملتے ہی فوج اور ایف سی مدد کے لئے پہنچ گئی۔ علاقے کا محاصرہ کر کے دہشت گروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ کرفیو نافذ کرکے شہر کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پانچ عسکریت پسند بیورو کی عمارت میں اس وقت بھی موجود ہیں اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ جبکہ اسپیشل برانچ سے دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں اور عمارت سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ سیکورٹی فورسز سے دہشت گردوں کے مقابلے کے دوران ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔