16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:17
پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں مزید اضافہ
آج نیوز - اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جبکہ سی این جی کی قیمتوں میں بھی ایک روپے انتالیس پیسے فی کلوگرام اضافہ کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی آکٹین کی قیمت میں پانچ روپے چونسٹھ پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے چورانوے پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپے باسٹھ پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے کمی کی سفارش کی تھی جسے منظور نہیں گیا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت پچاسی روپے نوے پیسے فی لٹر جبکہ ایچ او بی سی ایک سوبارہ روپے باون پیسے، مٹی کا تیل اٹھاسی روپے انیس پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل پچاسی روپے تیئیس پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پوٹھوہار، خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں سی این جی اٹھہتر روپے پینسٹھ پیسے جبکہ سندھ ، جنوبی پنجاب اور وسطی پنجاب میں اکہتر روپے باون پیسے فی کلو گرام فروخت ہو گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔