16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:49
بنوں: دہشتگردوں کیخلاف آپریشن مکمل، اہلکار شہید، 2 حملہ آور ہلاک
آج نیوز - اسپیشل سیکورٹی بیورو کی عمارت میں عسکریت پسندوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کا آپریشن مکمل ہو گیا، ایک پولیس اہلکار شہید تین زخمی جبکہ دو حملہ آور ہلاک ہو گئے۔ بنوں کے پرانا تھانے کی عمارت میں ڈسٹرکٹ سیکیورٹی بیورو کے دفتر پر عسکریت پسندوں نے سوا نو بجے دستی بموں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ دہشت گردوں نے عمارت میں داخل ہو کر تین اہلکاروں کو بھی یرغمال بنا لیا۔ اطلاع ملتے ہی فوج اور ایف سی مدد کے لئے پہنچ گئی۔ فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے دہشت گروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی جبکہ کرفیو نافذ کرکے شہر کو بھی سیل کر دیا گیا۔ پانچ عسکریت پسند بیورو کی عمارت میں موجود تھے۔ فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، اس دوران عمارت میں سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں اور دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کا آپریشن مکمل ہو گیا۔ آپریشن میں دو حملہ آور ہلاک ہوئے، ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرا آپریشن کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔ دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار برکت علی سعید شہید جبکہ عصمت اللہ، بختیار اور شہاب زخمی ہو گئے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔