16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:37
ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع
آج نیوز - ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی۔ تین کروڑ چالیس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پنجاب میں ایک کروڑ تہتر لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ حافظ آباد میں ایک لاکھ چوراسی ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈی سی او محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سرگودھا میں پولیو سے متعلق عوام میں آگاہی کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے واک کا اہتمام کیا گیا۔ مہم کے دوران ریلوے اور بس اسٹیشنز پر بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں اکیاون لاکھ اور سندھ میں پانچ سال تک کے پچھتر لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔