16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:49
شام، اسپین میں احتجاج، پولینڈ میں ہوا کے جھکڑ سے تباہی
آج نیوز - شام میں حکومت اور اپوزیشن کے حامیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔ دارالحکومت دمشق کے جنوبی علاقوں میں شیلنگ اور دھماکوں سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔ شام میں حکومت اور حزب مخالف کے درمیان کشیدگی پر عالمی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے اور اقوام متحدہ، یورپی یونین اور ہمسایہ ملک ترکی نے شام پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
اسپین میں حکومت کے کفایت شعاری اقدامات پر عوام میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔ میڈرڈ میں ہزاروں افراد نے حکومت کے معاشی اقدامات پر احتجاج کیا اور رات سڑکوں پر گزاری۔ اسپین نے بڑھتے ہوئے قرضوں کے پیش نظر ٹیکس میں اضافہ اور دیگر اقدامات کئے ہیں۔ جن سے ملازمتوں میں کمی اور تنخواہوں میں کٹوتی کی جائے گی۔
پولینڈ میں آندھی اور بگولوں نے بڑے پیمانے پرتباہی مچادی۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دس زخمی ہو گئے۔ ہوا کے جھکڑ چلنے سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ معمولات زندگی بحال کرنے کے لئے ریسکیو اہلکار دن رات کام میں مصروف ہیں۔