16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:54
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع فوج سے بریفنگ لے گی
آج نیوز - سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر فوج سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کر لیا ،سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی کہتی ہیں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کیلئے آرمی چیف امریکہ جائیں گے، نیٹو سپلائی کی بحالی سے متعلق مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس مشاہد حسین کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ چیئرمین پی آئی اے نے قومی ایئرلائن جبکہ سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی نے دفاعی امور سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر پاک فوج سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کمیٹی کے ارکان ممکنہ طور پر قبائلی علاقہ جات کا دورہ بھی کریں گے۔ سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی نے بتایا کہ نیٹو سپلائی روٹ کی بحالی کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ باقاعدہ طور پر مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، پاکستان کی جانب سے وزارت دفاع دستخط کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ کے ساتھ معاملات پر پیشرفت ہو رہی ہے، اسٹریٹجک ڈائیلاگ کیلئے آرمی چیف بھی امریکہ جائیں گے۔ نرگس سیٹھی نے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی رقم کی ادائیگی پر بھی بات چیت جار ی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے حملوں کے بعد بارڈر پر عام حالات کی نسبت دوگنی فوج تعینات کی گئی ہے۔