16 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:54
قائمہ کمیٹی: مذہب کی زبردستی تبدیلی روکنے کیلئے کمیشن قائم کرنیکی ہدایت
جیو نیوز - اسلام آباد … قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے مذہب کی زبردستی تبدیلی روکنے کیلئے تعزیرات پاکستان اور ضابطہ فوجداری میں ترمیم کرکے کمیشن قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے، کمیٹی نے غیرمسلموں کی شادی رجسٹریشن کے مسائل پر ماہرانہ رائے بھی طلب کی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے قومی ہم آہنگی کا اجلاس اسلام آباد میں ڈاکٹر مہیش کمار کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے زبردستی مذہب کی تبدیلی کے ایشو پر کمیشن قائم کرنے کی منظور ی دی۔ وزارت قانون کو بھیجی گئی سفارشات کے مطابق کمیشن کا سربراہ اعلیٰ عدلیہ کا حاضر سروس یا ریٹائرڈ جج ہوگا، کمیشن کے ارکان میں علاقے کا ڈی سی او، مسلم اسکالر، انسانی حقوق اور متعلقہ مذہب کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی نے غیرمسلموں کی شادی رجسٹریشن نہ ہونے کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بھی آئندہ اجلاس میں تجاویز طلب کرلی ہیں۔