17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 2:34
راجہ پرویز کے بعد عبوری حکومت آئیگی ،رانا ثناء اللہ
آج نیوز - وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ راجہ پرویز اشرف کی نااہلی کے بعدنیا وزیراعظم نہیں، عبوری حکومت آئے گی جبکہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ سوئس حکام کو خط لکھ کر آئین کی خلاف ورزی نہیں کی جا سکتی۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا جانا ٹھہر گیا ہے، انتخابات اسی سال ہوں گے اور علی بابا چالیس چوروں کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔ انہوں نے وزرات داخلہ کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ رحمان ملک کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، کرپشن کی کمائی کا محافظ اور کراچی کے حالات خراب کرنے کے ذمہ دار رحمان ملک ہی ہیں۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف اداروں کے پیچھے چھپ کر جمہوریت ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں شریف برادران کی کرپشن کے مقدمات سنیں اور فیصلے دیں، شہباز شریف کی دوہری رکنیت کا کیس بھی نہیں سنا جا رہا۔راجہ ریاض نے کہا کہ شہباز شریف، ضیاء الحق اور پرویز مشرف سے بڑے ڈکٹیٹر ہیں جنہوں نے سولہ وزارتوں پر قبضہ جما رکھا ہے اور ان کی نظروں میں اراکین اسمبلی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔